کراچی (عبدالماجد بھٹی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد سابق کپتان محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ بنانے کیلئے سوچ وبچار ہورہا ہے۔ انہیں امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اچانک انگلینڈ سے وطن واپس بھیج کر ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔ دریں اثنا نیوزی لینڈ کے مشکل دورے کیلئے جن کھلاڑیوں کے نام زیر غور ہیں ان میں ٹی ٹوئنٹی میں شاداب خان، محمد حارث، سفیان مقیم، عرفان نیازی، شاہین آفریدی، عباس آفریدی، جہانداد خان، ابرار احمد، عمیر بن یوسف، خوشدل شاہ، حسن نواز، عبدالصمد، حارث رؤف، عثمان خان، حسین طلعت اور محمد علی شامل ہیں۔ بورڈ نے تینوں فارمیٹس کی اسپیشلائزڈ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ہیڈ کوچ کیلئے عبدالرزاق اور ثقلین مشتاق سے رابطہ ہوا ہے۔ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کیلئے سلمان علی آغا اور شاداب خان نائب کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ ہفتے کو سلیکٹرزعاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی، علیم ڈار اور حسن چیمہ نے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی ۔ محسن نقوی اپنے مشیران سے بھی مشاورت میں مصروف ہیں۔ محسن نقوی ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز سے بھی ملے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار سے پانچ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ سینئرز بھی نیوزی لینڈ جانے سے گریز کررہے ہیں تاکہ نوجوانوں کے فیل ہونے پر انہیں از خود دوبارہ چانس مل جائے گا۔ کم از کم پانچ سینئرز کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق عاقب جاوید کا ہیڈ کوچ کی حیثیت سے معاہدہ ختم ہوگیا ہے ۔ اب کرکٹ بورڈ کو فل ٹائم ہیڈ کوچ کیلئے اشتہار دینا ہوگا۔ پاکستان ٹیم نے بارہ مارچ کو نیوزی لینڈ روانہ ہونا ہے، عاقب ایک اور سیریز کیلئے ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں ۔