پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے جوڑے رابعہ کلثوم اور ریحان ناظم نے اپنی کامیاب ازدواجی زندگی کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔
یہ جوڑی گزشتہ 10 سال سے ایک خوش حال ازدواجی زندگی گزار رہی ہے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
دونوں ایک دوسرے کے خوابوں کی تکمیل میں مکمل تعاون کرتے ہیں اور اپنی محبت میں مضبوطی سے بندھے ہوئے ہیں۔
ایک ٹاک شو میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے دونوں نے شادی کے حقائق اور چیلنجز پر کھل کر بات کی۔
آج کے دور میں جب شادیاں بہت جلد ٹوٹ رہی ہیں، انہوں نے اپنی شادی کو کامیاب بنانے والے اصولوں پر روشنی ڈالی۔
ریحان ناظم نے کہا کہ شادی میں ایک دوسرے کو سمجھنے میں وقت لگتا ہے، اور ہر جوڑے کو چاہیے کہ وہ جلد بازی میں فیصلے نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو سمجھنے میں بعض اوقات سالوں لگ جاتے ہیں، اس لیے صبر کریں اور وقت دیں، بنا سوچے سمجھے فیصلے کرنا بے وقوفی ہوگی۔
رابعہ کلثوم نے کہا کہ شادی کو کامیاب بنانے کے لیے محنت اور لگن ضروری ہے، ازدواجی رشتے میں خود سے پہل کرنا اور رشتے پر کام کرنا نہایت اہم ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جس طرح آپ اپنے دوسرے رشتوں میں محنت کرتے ہیں، اسی طرح اپنے شریکِ حیات کے ساتھ تعلق کو بھی وقت دیں، سب سے اہم بات اپنے اختلافات کو عوامی نہ بنائیں کیونکہ اس سے رشتہ مزید خراب ہو سکتا ہے۔
رابعہ کلثوم نے خواتین کو ایک عملی اور حقیقت پسندانہ مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ ایک روایتی سوچ سمجھی جاتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ شادی صرف ایک مرد سے نہیں بلکہ اس کے پورے خاندان سے ہوتی ہے۔
ایک عورت کو شادی کے بعد بہت سی ایڈجسٹمنٹس کرنی پڑتی ہیں، اس لیے انہیں پہلے سے ہی اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہیے، اگر آپ اس چیز کو سمجھ کر رشتہ بنائیں گی، تو زندگی آسان ہو جائے گی۔