پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی نے یوٹیوبر رجب بٹ کے فہد مصطفیٰ کے خلاف دیے گئے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے رجب بٹ سے پوچھا کہ فہد مصطفیٰ کے اس بیان پر آپ کیا کہیں گے جس میں انہوں نے کہا کہ فیملی ولاگرز اپنی فیملی بیچتے ہیں اور یہ وہ کام ہے جو میں کبھی نہیں کر سکتا۔
رجب بٹ نے حیران کن انداز میں کہا کہ فہد مصطفیٰ کون ہیں؟ میں انہیں جانتا تک نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں کسی ایسے شخص کی عزت نہیں کر سکتا جو خود سینئر ہونے کے باوجود اس طرح کے بیانات دے، میں اپنی حد میں رہ کر اپنا کام کرتا ہوں اور یہ اداکار خود دوسروں کی فیملیز کو بیچ رہے ہیں اور ہمیں لیکچر دے رہے ہیں۔
رجب بٹ کے اس بیان کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد فہد مصطفیٰ کے مداح ان کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
اب اداکار شمعون عباسی نے بھی فہد مصطفیٰ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ فہد مصطفیٰ ایک بڑا نام ہیں اور 20 سال سے زیادہ عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصّہ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں یہ بھی کہوں گا کہ اداکار اپنے فن اور کام کی وجہ سے زندگی کے ہر شعبے سے اپنے مداح بناتے ہیں اور ایک اداکار پہلے کام اور پھر کام کا معاوضہ وصول کرنے کے لیے صبح سویرے گھر سے اکیلے نکلتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ایک اداکار کا روزانہ کا شیڈول بہت سخت ہوتا ہے لیکن ایک یوٹیوبر اداکار کی قربانیوں کو نہیں سمجھ سکتا کیونکہ اُنہیں اتنی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
اُنہوں نے رجب بٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں بس یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آج اگر یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند ہو جائیں تو آپ کام حاصل کرنے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے پھرو گے۔
شمعون عباسی نے کہا کہ میں یوٹیوبرز کے کام کو برا نہیں کہہ رہا ہوں لیکن مجھے یہ بات بری لگی کہ رجب بٹ نے بہت تکبر سے فہد مصطفیٰ کے بارے میں بات کی تو یہ بات یاد رکھیں کہ اللّٰہ نہ کرے کہ کبھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند ہو گئے تو آپ اپنی پہچان بنانے کے لیے کسی دوسرے پلیٹ فارم کی تلاش میں مارے مارے پھرو گے لیکن میں یا فہد مصطفیٰ روز ہمیشہ کی طرح کام پر جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی لیے اللّٰہ تعالیٰ عزت دیتا ہے اس کا مان رکھنا چاہیے اور دوسروں کی عزت کا بھی خیال رکھیں، نہ اپنی عزت خراب کریں اور نہ ہی کسی دوسرے کی کامیابی اور نام کو ڈبونے کی کوشش کریں۔