• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل: محمد شہزاد کی 5 وکٹ لینے کے بعد سنچری

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں دوسرے روز سرکاری ٹی وی کی ٹیم پہلی اننگز میں317 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ وقارحسین اور محمد شہزاد نے سنچریاں بنائیں ، شہزاد نے پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں اس طرح انہوں نے میچ ڈبل کیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پنک بال سے نائٹ فائنل کے دوسرے روز اسٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 37 رنز بنائے تھے ۔ اس طرح ابھی75 رنز کی برتری حاصل ہے۔ عمران بٹ 29 اور عمر امین 5 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ قومی ٹیم میں سلیکشن کے سبب عرفان خان نیازی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد فیضان صفرپرآؤٹ ہوگئے۔ قبل ازیں سرکاری ٹی وی کے محمد محسن 36 اور تیمور خان 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ وقارحسین 11 چوکوں کی مدد سے 106 جبکہ محمد شہزاد نے ناقابل شکست 125 رنز 14 چوکے اور4 چکھوں کی مدد سے بنائے۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کی یہ تیسری سنچری ہے۔ نیاز خان ، محمد عباس اور کاشف بھٹی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔