کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 25 برس بعد ایک بار پھر فائنل میں مدمقابل ہونگے۔ سال 2000 میں نیروبی میں کھیلے گئے دوسرے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ناک آئوٹ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ بھارت کو ہرا کر چیمپئن بنا تھا۔ 2002 میں بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا جبکہ بھارت نے 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کریہ ٹائٹل جیتا تھا۔ بھارت 12 اور نیوزی لینڈ 25 سال بعد یہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گا۔ دریں اثنا فائنل سے قبل دبئی پولیس نے تماشائیوں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شائقین قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ خلاف ورزی پر 1 سے 3 ماہ کی قید جبکہ 3 لاکھ 80 ہزار روپے سے 22 لاکھ 85 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ میچز کے دوران آ تش بازی، نسل پرستی اور سیاسی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ کھلاڑیوں اور شائقین پر چیزیں پھینکنے پر 7 لاکھ 61 ہزار سے 22 لاکھ 85 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔