• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان المبارک میں پیش آنے والے چند واقعات

بچو! جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ رمضان المبارک ہجری سال کا نواں مہینہ ہے اور اس مہینے کے روزے تمام مسلمانوں پر فرض ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس ماہ مبارک میں ایسے ایسے واقعات پیش آچکے ہیں، جنہوں نے دنیا کا نقشہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیاتھا۔

اسلام کی پہلی فتح ’’غزوہ بدر‘‘

کفار مکہ نے مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا ناپاک قصد کیا اور ایک ہزار سپاہیوں کا لشکر ابوجہل کی سربراہی میں حملے کے لیے نکلا۔ مسلمانوں کو کفار کے اس ارادے کا پتہ چلا تو 313 سپاہیوں پر مشتمل دستہ سالار اعظم حضور نبی کریم ﷺ کی قیادت میں رمضان المبارک 2 ہجری کو میدان بدر پہنچا، جہاں اللہ کی تائید اور نصرت سے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کی کی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔ اس عظیم فتح کا قرآن حکیم میں بھی ذکر موجود ہے۔

فتح مکہ

رمضان المبارک سن 8 ہجری میں فتح مکہ دنیا کی تاریخ کی وہ عظیم ترین فتح ہے، جس میں بغیر خون بہائے مسلمانوں نے عظیم الشان فتح حاصل کی۔

سندھ میں پہلی اسلامی ریاست

محمد بن قاسم نےسندھ کے سرکش ہندووں کے خلاف جہاد کے ذریعے مسلمانوں کی عظمت کا سکہ بٹھا یا۔ 10 رمضان المبارک 92 ہجری کو سندھ میں پہلی اسلامی ریاست کی بنیاد پڑی اور سندھ کو باب الاسلام ہونے کا فخر حاصل ہوا۔

اسپین کی فتح کا آغاز

اسپین کی فتح کا آغاز بھی رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں ہوا۔ یہ سن ہجری کا 93 واں سال تھا جب 12 ہزار مجاہدین نے طارق بن زیادہ کی قیادت میں ایک بڑی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔ اسلام اور کفار کے درمیان یہ معرکہ 20 سے 28 رمضان المبارک تک لڑا گیا اور اسی معرکے میں دشمن فوج کا سپہ سالار کنگ روڈریک بھی مارا گیا۔

تخلیق پاکستان

رمضان المبارک میں ہی مملکت خداد پاکستان معارضِ وجود میں آیا جو انگریزوں اور ہندوؤں کیخلاف مسلمانوں کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں 27 ویں رمضان المبارک میں دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔