• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 77 افراد گرفتار، 27 دکانیں سیل

پشاور(اے پی پی):صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے عوامی شکایات پر قصہ خوانی، چوک یادگار، گھنٹہ گھر، ہیری ٹیج ٹریل، کریم پورہ، ڈبگری گارڈن، خیبر بازار، شعبہ چوک اور دیگر بازاروں میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دکانوں سے باہر سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان رکھنے، تجاوزات قائم کرنے اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی تین خصوصی ٹیموں نے مختلف بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے باہر رکھا گیا سامان اور دیگر تجاوزات سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس آپریشن میں دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ مستقبل میں تجاوزات قائم کرنے سے باز رہیں، بصورتِ دیگر مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے کیپٹل میٹروپولیٹن حکام، پولیس اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ کارروائی کے دوران 77 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 27 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں، غلط پارکنگ کرنے والے متعدد گاڑی مالکان کو موقع پر ہی جرمانے عائد کیے گئے، تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔ آپریشن کے دوران درجنوں دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کر دیا گیا، جو نہ صرف تجاوزات کا باعث بن رہی تھیں بلکہ بازاروں میں آمدورفت میں بھی شدید رکاوٹ پیدا کر رہی تھیں
پشاور سے مزید