• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: گیس لیکیج واقعات میں 4 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق، 105 زخمی ہوچکے

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے دوران گیس لیکیج کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ‘ سول ہسپتال کا برن وارڈ مریضوں سے بھر گیا ،کوئی بیڈ خالی نہیں رہا ، ہسپتال ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کے سات دن کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والےدھماکوں میں چار خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 105 افراد زخمی ہو چکے ہیں ،متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ زیادہ ترواقعات گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث پیش آئے۔ سحری تیار کرنے والی خواتین گیس دھماکوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں ۔سول ہسپتال میں برن یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر منظور کے مطابق میں 7 روز کے دوران گیس دھماکوں کے باعث جھلسنے والے105 افراد لائے گئے جبکہ 8 افراد موت کی وادی میں چلے گئے ۔ ڈاکٹر منظور کا کہنا تھا کہ زیادہ تر واقعات سحری اور افطار کے دوران رونما ہوئے، گیس کمپنی کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے حادثات رونما ہو رہے ہیں ،گیس کمپنی کو چاہئے کہ اس حوالے سے باقاعدہ مہم چلائے اور لوڈ شیڈنگ کا وقت متعین کیا جائے تا کہ حادثات میں کمی آ سکے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا کہ سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے رمضان میں گیس کی فراہمی رات 3 بجے سے صبح 10 جبکہ دن میں 2 بجے سے رات 10 بجے تک کی جاری ہے جبکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اس سے کئی زیادہ ہے جو حادثات کا باعث ہے ۔
کوئٹہ سے مزید