کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 تو نہ جیت سکی لیکن اس کے کھلاڑی ایونٹ میںبیٹنگ، بولنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ میں نمایاں رہے۔ ٹورنامنٹ میں گلین فلپس کو ان کی غیر معمولی فیلڈنگ کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے فائنل میں شمبن گل کا ایک اور حیران کن کیچ لیا۔ اس سے قبل کراچی میں محمد رضوان اور دبئی میں ویرات کوہلی کے مشکل کیچ لے چکے ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں پانچ کیچ لئے۔ ماہرین انہیں 1992کے ورلڈ کپ کی طرح جنوبی افریقا کے جونٹی رھوڈز کے پائے کا فیلڈر قرار دے رہے ہیں۔ فاسٹ بولر میٹ ہنری نے فائنل نہیں کھیلا لیکن وہ دس وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر رہے۔ ورون چکرورتی اورمچل سینٹنر نے 9،9 وکٹ حاصل کئے۔ بیٹنگ میں راچن رویندرا نے سب سے زیادہ 263 رنز چار اننگز میں بنائے۔ بھارت کے شریاس آئیر نے پانچ اننگز میں 243 رنز بنائے۔