کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت مئی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی۔ اس سیریز کے ٹیسٹ گذشتہ سال پنڈی میں ہوچکے ہیں۔ لاہور میں بی سی بی کے چیف فاروق احمد اور محسن نقوی کے درمیان حالیہ بات چیت کے بعد، جولائی اور اگست 2025 میں ایک اضافی باہمی وائٹ بال ٹور پر اتفاق کیا گیا ہے جس کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ فاروق احمد کا کہنا ہے کہ مختصر سیریز کیلئے شیڈول حتمی شکل دی جارہی ہے۔ بنگلہ دیش کو مستقبل میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں شامل ہونے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ بنگلادیش نے 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرلی ہے، جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ فل سمنز کو مستقل ہیڈ کوچ بنایا جارہا ہے۔