کراچی (نیوز ڈیسک)یوکرینی صدر کی برطانوی شاہ چارلس کیساتھ تصویر، ٹرمپ کا اظہار ناپسندیدگی، برطانوی میڈیا نے واشنگٹن میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جب سےبرطانوی شاہ چارلس نے یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کیساتھ سینڈرنگھم ہائوس میں ملاقات کی ہے ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے حوالے سے زیادہ پرجوش دکھائی نہیں دے رہے ہیں، ٹرمپ کیلئے برطانیہ کے بادشاہ کے سرکاری دورے کی دعوت زیادہ خاص بات نہیں رہی ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر اور شاہ چارلس کی تصویر کو دیکھ کر ٹرمپ نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ امریکی صدر کے اتحادیوں نے امریکا میں برطانوی حکام پر واضح کر دیا کہ یوکرینی رہنما کے ساتھ بادشاہ کی تصاویر کے بعد ٹرمپ کیلئےبرطانیہ کے بادشاہ کے سرکاری دورے کی دعوت زیادہ خاص بات نہیں رہی ۔اس کے جواب میں، ٹرمپ کے اتحادیوں کو بتایا گیا کہ برطانوی حکومت کیلئے بادشاہ کوصدر زیلنسکی سے ملاقات نہ کرنے کی ہدایت دینا نامناسب ہوتا۔شاہ چارلس نے گزشتہ اتوار کو زیلنسکی سےایسے وقت میں ملاقات کی تھی جب برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر نے امریکی صدر ٹرمپ کو چارلس کی طرف سے سرکاری دورے کیلئے لندن آنے کا دعوت نامہ پیش کیا تھا۔برطانیہ کی جانب سے یوکرینی صدر کیساتھ یکجہتی کا واضح مظاہرہ زیلنسکی اور ٹرمپ کے درمیان اوول آفس میں ہونے والی تکرار کے بعد کیا گیا تھا۔