اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وائس چانسلر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آ ف ڈویلپمنٹ اکنامکس PIDE))ڈاکٹر محمد ندیم جاوید کو لک آفٹر کی بنیاد پرچیف اکانومسٹ وزارت منصوبہ بندی وترقیات کے عہدے کا اضافی چارج دینے کا حکم اسلام آ باد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔وائس چانسلرڈاکٹر ندیم کو چارج دینا سپر یم کورٹ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کی خلاف ورزی ، متاثرہ بیورو کریٹ ،وزارت منصو بہ بندی و ترقیات نے 18فروری 2025کو ڈاکٹر محمد ندیم جاوید کوچیف اکا نو مسٹ/ممبر اکنامک پالیسی کا اضافی چارج دینے کا نو ٹیفکیشن جاری کیا تھا جو گریڈ22کی پوسٹ ہے۔اس سے قبل 23جنوری2025کو انہیں وائس چانسلر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) )مقرر کرنے کا نو ٹیفکیشن جا ری کیا گیا تھا،یہ تقرری پانچ سال کیلئے کی گئی ،انہیں چیف اکا نومسٹ کا اضافی چارج دینے کا حکم جوائنٹ چیف اکا نومسٹ اور اکانومسٹ گروپ کے گریڈ اکیس کے افسر رائے محمد ناصر خان نے اسلام آ باد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ان کی رٹ پٹیشن کی سماعت آج ( پیر) کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ،رٹ پٹیشن میں وفاق پاکستان کو بذ ریعہ سیکرٹری وزارت منصو بہ بندی و ترقیات فریق بنایا گیا ہے،مدعی رائے محمد ناصر خان کا موقف ہے کہ وہ اکانومسٹ گروپ کے گریڈ اکیس کے افسر ہیں، انہیں 23فروری2018کو گریڈ اکیس میں ترقی دی گئی،چودہ دسمبر2021کو انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ٹرانسفر کردیاگیا،چیف اکانومسٹ کی گریڈ22کی پوسٹ2019سے خا لی ہے،گریڈ اکیس کے سینئر ترین افسر ہونے کی بنیاد پر گریڈ بائیس میں ترقی ان کا حق بنتا ہے لیکن انہیں ابھی تک ترقی نہیں دی گئی حالانکہ وہ ترقی کیلئے مطلوبہ تمام تقاضے پورے کرتے ہیں،ان کا موقف ہے کہ گریڈ بائیس کی چیف اکانو مسٹ کی پروموشن پوسٹ کا لک آفٹر چارج دینا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اورسپر یم کورٹ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ ڈاکٹر محمد ندیم جاوید کو لک آفٹر چارج دینے کا حکم غیر قانونی قرار اور کالعدم قرار دیا جا ئے،انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ٹرانسفر کرنے کا حکم غیر قانونی قرار دے کر انہیں واپس وزارت میں پوسٹنگ دی جا ئے اور ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ میں ان کا کیس گریڈ بائیس میں ترقی کیلئے زیر غور لایا جا ئے۔