گھارو(نامہ نگار) شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے فرزند ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر کینالز تعمیر نہیں کرنے دینگے کیونکہ یہ سندھ کے عوام کی زندگی اور بقا کا مسئلہ ہے، سرکاری پیپلز پارٹی نے عوام سے دھوکا کیا ہے، سندھ کے عوام کے ووٹوں سے اقتدار حاصل کر کے ان پر ظلم کرنا قابلِ مذمت ہے، پیپلز پارٹی نے جو بھی عوام سے وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا، پنجاب کے عوام بھی کارپوریٹ فارمنگ کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، حکومت جتنے زیادہ مظالم کریگی، عوامی ردعمل اتنا ہی شدید ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وہ ضلع ٹھٹھہ کے دورے کے دوران گھارو پہنچے، جہاں انہوں نے شہید غلام رسول ہنگورو کے بھائی گل محمد ہنگورو کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس موقع پر کارکنوں نے مین روڈ پر ان کا شاندار استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جونیئر ذوالفقار بھٹو نے کہا کہ شہید بابا کے تمام ساتھی میرے لیے قابلِ احترام ہیں، شہید غلام رسول ہنگورو کا گھر میرا اپنا گھر ہے اور میں یہاں ہمیشہ آتا رہوں گا۔ میں شہید بابا کے نقشِ قدم پر چلنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور ہم کبھی پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔