• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین کے مختلف شہروں سے دہشت گردی کے الزام میں 10 پاکستانی گرفتار

پیرس (رضا چوہدری، نیوز ایجنسی )اسپین میں پولیس نے ایک بڑے آپریشن کے دوران 10 پاکستانی شہریوں کو دہشت گردی کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے ۔ حکام کے مطابق یہ گروہ شدت پسندی کو ہوا دینے اور تشدد پر اکسانے میں ملوث تھا،اسپین کی پولیس نے واضح کیا ہے کہ تاحال اس نیٹ ورک کا کسی بین الاقوامی شدت پسند تنظیم سے کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں ہوا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ہسپانوی حکام کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ گرفتاریاں موسوس ڈی اسکوادرا (کاتا لونیا پولیس)، اسپینش نیشنل پولیس اور اطالوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ہوئیں۔حکام کے مطابق یہ گروہ ایک انتہا پسند تنظیم سے منسلک تھا جو خفیہ میسجنگ ایپس کے ذریعے شدت پسندی کو فروغ دے رہا تھا۔ اس نیٹ ورک کے بعض ارکان نے یورپ میں ممکنہ حملوں کیلئے اہداف کی نشاندہی بھی شروع کر دی تھی۔تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ ایک علیحدہ آن لائن گروپ، جو گرفتار خواتین میں سے ایک کی قیادت میں کام کر رہا تھا، شدت پسندانہ مواد پھیلانے اور ممکنہ حملوں کیلئے اہداف منتخب کرنے میں ملوث تھا۔
اہم خبریں سے مزید