حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھو دریا سے کینال نکال کر سندھ کو خشک کرنے کی سازش اور26ویں آئینی ترمیم کے خلاف کراچی میں ہونے والے ”وکلا کے احتجاجی مارچ“ کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘سندھو دریا کی بقا کی جدوجہد چھ کروڑ سندھیوں کی زندگی کی جدوجہد ہے‘ اس جدوجہد کو مقدس سمجھتے ہوئے ہر طبقہ فکر کے فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ملک کے اصل حکمرانوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ چھ کروڑ سندھیوں کو بھوک، پیاس اور قحط سے موت کے گھاٹ اتاریں گے‘ تو ہم بھی انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ سندھیوں کی مزاحمتی تاریخ پڑھ لو‘ سندھی اپنے دریا کو بچانے کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں‘ شاید اس وقت آپ کو اس بات کا احساس نہیں کہ آپ آگ سے کھیل رہے ہیں۔ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ جس طرح وکلا نے احتجاج کیا‘ اسی طرح ہر سندھی کو اپنے دریا کی حفاظت کے لیے سیاسی مزاحمت کا راستہ اپنانا چاہیے‘ سندھ کے ہر علاقے میں سندھو دریا کی تحریک کو منظم اور متحرک کرنے کی ضرورت ہے‘ ایس ٹی پی سندھو دریا بچانے کی جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے‘ کیونکہ سندھو دریا سندھیوں کی زندگی کی شہ رگ ہے۔