• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش؛ شیخ مجیب، حسینہ واجد کے نام والے اداروں کے نام تبدیل

اسلام آباد (صالح ظافر) بنگلہ دیش میں شیخ مجیب، حسینہ واجد اور ان کے خاندان کے افراد کے ناموں کو ختم کیا جا رہا ہے، جہاں بحریہ، فضائیہ اور وزارت دفاع کے تحت آٹھ اداروں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں۔ یہ ادارے پہلے معزول وزیراعظم شیخ حسینہ، ان کے خاندان کے افراد اور ان کی حکومت سے وابستہ شخصیات کے نام پر تھے۔ بنگلہ دیش کی وزارت دفاع نے اس حوالے سے اتوار کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، بنگلہ دیش نیوی کے تحت تین اداروں، فضائیہ کے تحت تین اداروں، ملٹری کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے تحت ایک ادارے، اور وزارت دفاع کے تحت ایک ادارے کے نام منسوخ کر دیے گئے ہیں اور ان کی جگہ نئے نام رکھے گئے ہیں۔ چیف ایڈوائزر کی منظوری کے بعد ان اداروں کے نام تبدیل کر دیے گئے ہیں۔ چٹاگانگ کے نیو مُورنگ میں واقع بی این ایس بنگابندھو کا نام تبدیل کر کے بی این ایس خالد بن ولید رکھ دیا گیا ہے۔ ڈھاکہ کے نمپارہ، کھلکھیٹ میں واقع بی این ایس شیخ مجیب کا نام تبدیل کر کے بی این ایس ڈھاکہ رکھ دیا گیا ہے۔ کوکس بازار کے پیکوا میں واقع بی این ایس شیخ حسینہ کا نام تبدیل کر کے بی این ایس پیکوا رکھ دیا گیا ہے۔ ڈھاکہ کے کرمیتولا میں واقع بنگلہ دیش ایئر فورس بیس بنگابندھو کا نام تبدیل کر کے بنگلہ دیش ایئر فورس بیس برِ اتم اے کے خاندکر رکھ دیا گیا ہے۔ بنگابندھو ایروناٹیکل سینٹر کا نام تبدیل کر کے بنگلہ دیش ایروناٹیکل سینٹر رکھ دیا گیا ہے۔ جیسور میں واقع بی اے اے ایف بنگابندھو کمپلیکس کا نام تبدیل کر کے بی اے اے ایف کمپلیکس رکھ دیا گیا ہے۔ میرپور کینٹنمنٹ میں واقع شیخ حسینہ کمپلیکس کا نام تبدیل کر کے ڈی ایس سی ایس سی کمپلیکس رکھ دیا گیا ہے۔ بنگابندھو میموریل میوزیم کا نام تبدیل کر کے ڈیفنس میوزیم رکھ دیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کے سیکرٹری محمد اشرف الدین کے دستخط کردہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد میں یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید