ملتان(سٹاف رپورٹر) خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے صنعت زار ملتان میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا،ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، میڈم ام فروہ ہمدانی نے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مہمان اعزاز میں معروف موٹیویشنل سپیکر آپا زہرہ سجاد زیدی اور جبکہ تقریب کے میزبان منیجر صنعت زار، رائے زید الخیر تھے، سیمینار کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے کلیدی کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی،ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان میڈم ام فروہ ہمدانی نے خواتین کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،بہتر معاشرے کی تشکیل میں خواتین کی ترقی اہمیت کی حامل ہے،خواتین کسی بھی میدان میں ہرگز بھی مردوں سے کم نہیں ہیں،ہنر مند اور بااختیار خواتین معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں. موٹیویشنل سپیکر آپا زہرہ سجاد زیدی نے کہا کہ ورکنگ خواتین صرف دفاتر میں کام کرنے والی خواتین نہیں بلکہ گھروں میں کام کرنے والی خواتین بھی ورکنگ ویمن کہلانے کی حقدار ہیں. منیجر صنعت زار، رائے زاہد الخیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔