ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی نے ملتان سمیت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کی واسا انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اداروں کے سرکاری دفاتر اور عمارتوں کو سی بی اے یونین کی سرگرمیوں، اجلاسوں اور مستقل یا عارضی بیٹھکوں کیلئے استعمال نہ ہونے دیا جائے جبکہ پہلے سے قائم ایسے انتظامات فوری ختم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے،پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز) ضمیر حسین کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ واسا کے سرکاری دفاتر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دفتری امور کی انجام دہی کے لیے مختص ہیں، اس لیے انہیں سی بی اے یونین یا کسی دوسری ملازمین کی تنظیم کے دفاتر، بیٹھکوں یا اجتماعات کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ یونین کے عہدیداران اور ارکان سمیت تمام ملازمین دفتری اوقات میں اپنی ذمہ داریاں متعلقہ جاب ڈسکرپشن کے مطابق انجام دیں اور یونین کی سرگرمیوں کو سرکاری فرائض یا ادارے کے معمول کے کام میں رکاوٹ نہ بننے دیں،متعلقہ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور سرکاری عمارتوں و دفتری اوقات کو صرف سرکاری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔