• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان برطانوی اور پاکستانی معاشروں میں فعال ہوں: ڈاکٹر محمد فیصل

---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو

برطانیہ میں مقیم پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانوی پاکستانی نوجوان نسل کو با اختیار بنانے کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان برطانوی اور پاکستانی دونوں معاشروں میں فعال ہوں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے پورٹس ماؤتھ پاکستانی ایسوسی ایشن اور مقامی کمیونٹی کی طرف سے دیے گئے افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

خطاب کے دوران انہوں نے برطانوی پاکستانی نوجوانوں کی پاکستان اور برطانیہ کی سوسائٹیز کے مختلف شعبوں میں بھرپور شمولیت اور قائدانہ رول ادا کرنے پر اپنے عزم کا اظہار کیا۔

 ڈاکٹر فیصل نے مثبت روابط استوار کرنے، تنوع کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، ان کی تقریر بصیرت انگیز اور متاثر کن تھی، جس میں کئی اہم موضوعات شامل تھے۔

ڈاکٹر فیصل نے تقریب میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے لیے پورٹس ماؤتھ پاکستانی ایسوسی ایشن اور مقامی کمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کمیونٹی کے اندر ثقافتی شناخت اور اخلاقی سالمیت کے تحفظ میں مضبوط خاندانی اقدار کے کردار پر زور دیا اور نسل در نسل افہام و تفہیم اور تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

 اس موقع پر انہوں نے پورٹس ماؤتھ کے ساتھ پاکستان کے ایک شہر کو جڑواں بنانے کے لیے ممکنہ اقدام پر اپنے ارادے کا اظہار بھی کیا۔ 

 تقریب میں پورٹس ماؤتھ پاکستانی ایسوسی ایشن (PPA) کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب اس انجمن کے سالانہ کیلنڈر کی بنیادی جھلکیوں میں سے ایک ہے، جو اتحاد، ایمان اور برادری کی مصروفیت کی عکاسی کرتی ہے۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد فیصل کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت نے اس شام کی عزت کو نمایاں طور پر بڑھایا ہے اور پاکستانی تارکینِ وطن اور ہائی کمیشن کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شان میں نعت پیش کی گئی۔

اس تقریب میں پورٹس ماؤتھ اور آس پاس کے علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید