پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فصیل قریشی کا ٹک ٹاکر رجب بٹ کے فہد مصطفیٰ سے متعلق بیان پر ردعمل سامنے آ گیا۔
فیصل قریشی اپنی جاندار اداکاری اور ورسٹائل کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، ان کے مشہور ڈراموں میں میری ذات ذرہ بے نشاں، بشر مومن، مقدر اور حیوان شامل ہیں۔
ان دنوں وہ نجی ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کر رہے ہیں، جہاں وہ مختلف مہمانوں کے ساتھ دلچسپ گفتگو کرتے ہیں۔
گزشتہ دنوں سینئر اداکارہ صبا فیصل ان کی مہمان تھیں اور دورانِ گفتگو انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والی جنگوں اور نوجوان اداکاروں میں بڑوں کے احترام کی اہمیت پر بات کی۔
فیصل قریشی نے کہا کہ سوشل میڈیا بہت بے رحم ہو چکا ہے اور یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر یہی صورتِ حال ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آج کی نوجوان نسل زیادہ سمجھدار اور با اخلاق ہے، وہ جانتے ہیں کہ بڑوں کا احترام کیسے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری ایک صحیح سمت میں جا رہی ہے، اگر کسی نے ماضی میں کچھ کہا بھی تھا تو وہ کسی خاص شخص کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں کہا گیا ہو گا، یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جس نے بھی وہ بات کہی تھی اس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ فہد مصطفیٰ میرے لیے ایک چھوٹے بھائی کی طرح ہے اور میں اسے بہت اچھی طرح جانتا ہوں، ماضی میں ہمارے بھی اپنے سینئرز کے ساتھ کچھ اختلافات رہے، لیکن میں نے کبھی ان کے خلاف بے ادبی یا بدتمیزی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
اس موقع پر صبا فیصل نے بھی فہد مصطفیٰ کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف اس لیے ان کا دفاع نہیں کر رہی کہ وہ انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ حقیقت میں وہ ایک نہایت عزت دار اور مہذب شخصیت کے مالک ہیں۔