معروف گلوکارہ مہک علی کی نئی قوالی ’’ادا‘‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگئی۔
گلوکارہ مہک علی صوفی فوک اور بطور پلے بیک سنگر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے، ان کی نئی قوالی کو میوزک کے دلدادہ افراد کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے، کلام مشہور شاعر علی زریون نے لکھا ہے اور وہ ویڈیو میں بھی جلوہ گر ہوئے ہیں۔
اس کا میوزک نامور میوزک ڈائریکٹر جے علی نے دیا ہے جبکہ گلوریس پروڈکشن کے پلیٹ فارم سے اس ویڈیو کو ورلڈ وائیڈ ریلیز کیا گیا ہے۔
گلوکارہ مہک علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کامیابیوں کو ہمیشہ اپنے پرستاروں کے نام کیا ہے، کئی مرتبہ مجھے بہترین گلوکارہ کیلئے نامزد کیا گیا۔
مہک علی نے بتایا کہ میں نے میوزک سیکھنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بعد مجھے ریڈیو میں گانے کا موقع ملا جس کے بعد میں باقاعدہ گلوکاری سیکھتے ہوئے اپنے فنی کیریئر میں ابتک بہت سے ویڈیو سونگ تیار کرچکی ہوں۔
گلوکارہ نے کہا کہ میں امریکا، یورپ اور کینیڈا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں پرفارم کرچکی ہوں، لیکن جو خوشی مجھے اپنے ملک میں پرفارم کرکے محسوس ہوتی ہے، وہ کہیں اور نہیں ملتی۔
انھوں نے کہا کہ میں پہلی صوفی فوک گلوکارہ ہوں جو صوفیانہ کلام کو فوک اور جدید انداز میں پیش کر رہی ہوں، صوفیانہ کلام گا کر مجھے روحانی سکون ملتا ہے۔