راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)خیابان سرسید میں پولیس کے زیرحراست ہتھکڑی لگے ملزم کو فائرنگ کرکے چھڑوالیاگیا۔ تھانہ پیرودھائی کو سب انسپکٹر امین اللہ نے بتایاکہ دوران انٹروگیشن ملزم ابوزر غفاری نے انکشاف کیا کہ اس نے اور ضیاء الحق نے مل کر گاڑی نمبر ایل ای سی -1331 کرولا ڈھوک نجو خیابان سرسید راولپنڈی سے چوری کی تھی۔ ملزم کے اس انکشاف پر ملزم کو ہتھکڑی لگوا کر کانسٹیبل مہران اسلم اور کانسٹیبل رضوان شبیر خیابان سرسید ڈی ایچ اوآفس پہنچا ۔ملزم نے اپنے انکشاف کے مطابق خیابان کے قریب پہنچ کر از خود گاڑی رکوائی ۔ اسی اثناء میں ایک موٹرسائیکل پر دو اشخاص آگئے۔ آتے ہی پولیس پارٹی کو للکارتے ہوئے اپنا اپنا اسلحہ نکال لیا اور کہا کہ ابوزر غفاری کو چھوڑ دیں ورنہ جان سے ماردیں گے اور پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی ۔اسی دوران ملزم ابوزر غفاری نے کانسٹیبل مہران اسلم کو دھکا مارا اور ہتھکڑی سمیت 2 نامعلوم اشخاص کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔