کراچی / کوئٹہ ( جنگ نیوز ) سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سالانہ اجلاس میں منتخب نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینیٹر سرمد علی کو صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی کو سینئر نائب صدر، شہاب زبیری کو نائب صدر، محمد اطہر قاضی کو سیکرٹری جنرل، محسن بلال کو جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیدار میڈیا کی ساکھ کو یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نےکہا کہ نئی قیادت صحافتی معیار اور میڈیا کی آزادی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کی بنیاد ہے، اور اے پی این ایس جیسے ادارے اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔