• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب، گرینڈ آپریشن نہیں ہورہا، رانا ثناء

اسلام آباد (رانا غلام قادر)حکومت نے ملک میں بڑھتی دہشت گردی کے تناظر میں پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا ۔ ادھر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ گرینڈ آپریشن کی صرف بات بنی ہوئی ہے‘ کوئی گرینڈآپریشن ہورہاہے نہ اس کی ضرورت ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی دہشت گردی کے پیش نظر پارلیمانی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتوار کو رات گئے وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق وزیراعظم شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کو ایڈوائس بھیج دی ہے۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بروز منگل دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کر لیا گیا ‘ان کیمرہ اجلاس میں عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو ملک کی موجوہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے گا جس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران اور ان کے نامزد نمائندگان شرکت کریں گے۔متعلقہ اراکین کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شہباز شریف‘ بلاول بھٹو ‘مولانا فضل الرحمن ‘خالد مقبول ‘عبد العلیم خان سمیت تمام پارلیمانی لیڈرز شرکت کریں گے۔ پی ٹی آئی کے چیئر مین بیرسٹر گوہر اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سر براہ محمود خان اچکزئی کو بھی دعوت دی جا ئےگی ۔ شرکا کے سوالات کے جواب بھی دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی بھی منظور کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، پارلیمنٹ کے فیصلے کی روشنی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے سے متعلق فیصلے ہوں گے، قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ادھر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناءاللہ کا کہناتھاکہ کوئی شک نہیں پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث ہے ‘را دہشت گردوں کی ماں کاکردار ادا کررہی ہے‘ دہشتگرد گروہوں کی سوچ اور خیالات آپس میں نہیں ملتے، ان سب کو’’ را‘‘ نے اکٹھا کیا ہے‘سفاکانہ کارروائیوں کیلئے فنڈز اور اسلحہ فراہم کررہی ہے۔بڑے افسوس کی بات ہے کہ افغان حکومت پراکسی کا کردار ادا کررہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید