اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اسٹار شپ راکٹ اگلے سال کے آخر تک مریخ پر بھیجنے کا اعلان کر دیا۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں اس نئی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ 2026ء کے آخر میں اسپیس ایکس کی جانب سے اسٹار شپ کو ایک روبوٹ کے ساتھ مریخ کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
ایلون مسک نے یہ بھی لکھا ہے کہ حالانکہ انسان کے 2031ء میں مریخ پر قدم رکھنے کے زیادہ امکان ہیں لیکن اگر ابتدائی مشن اچھی طرح سے چلتے رہے تو انسان 2029ء کے آغاز میں ہی مریخ پر قدم رکھ سکتا ہے۔
اُنہوں نے پہلی بار مریخ پر مشن بھیجنے کی بات نہیں کی بلکہ اس سے پہلے انہوں نے 2016ء میں کہا تھا کہ ریڈ ڈریگن اسپیس کرافٹ 2018ء میں مریخ پر پہنچ جائے گا۔
بعد ازاں ایلون مسک نے گزشتہ سال بھی کہا تھا کہ وہ 2026ء میں مریخ پر اپنا پہلا اسٹار شپ لانچ کریں گے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اسٹار شپ کی کئی آزمائشی پروازیں گزشتہ دنوں ناکام ہو گئی تھیں۔