لاہور( اپنے نامہ نگارسے،خصوصی رپورٹر) نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے افطاری کااہتمام کیاگیا، انٹر فیتھ افطار کی میزبانی ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کی جبکہ مولانا عاصم مخدوم اور جاوید ولیم بھی منتظمین میں شامل تھے۔ انٹرفیتھ افطار میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر، سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی ڈاکٹر شعیب اکبر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ امریکی قونصل جنرل قونصلیٹ جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ میرے لیے یہ منفرد تجربہ ہے کہ اس طرح کی منفرد انٹرفیتھ کی تقریب میں شریک ہو ئی اور یہ دیکھ کو خوشی محسوس ہوئی کہ نولکھا پریسبیٹیرین چرچ میں انٹر فیتھ افطار کا اہتمام ایک شاندار روایت بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن وقت کی اہم ضرورت ہے ۔