پشاور( وقائع نگار)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مختلف اضلاع میں کی گئی کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری اور ملاوٹی اشیائے خورونوش ضبط کر لی گئیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور کینٹ، ہری پور اور مردان میں چھاپے مارے گئے، جہاں غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والے کاروباروں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔ پشاور کینٹ کے آر اے بازار میں ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ معائنے کئے گئے۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ، پکوڑوں اور سموسوں میں استعمال ہونے والے تیل کے نمونے چیک کیے گئے، دودھ میں ملاوٹ اور تیل غیر معیاری ثابت ہونے پر دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔مزید تفصیلات کےمطابق مردان کے خواجہ گنج بازار میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک ہول سیلر پر چھاپہ مار کر کراچی سے درآمد شدہ 750 کلو گرام غیر معیاری اور آلودہ املی ضبط کر لی، جبکہ متعلقہ دکاندار پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اسی طرح ہری پور میں جی ٹی روڈ پر واقع مختلف بیکری یونٹس کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں ایک گودام سے بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ فلیورز، چپس، نوٹیلا اور چاکلیٹ برآمد ہونے پر گودام کو سیل کر دیا گیا۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ کئی بیکری مالکان کو بہتری کے نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی کو بھی انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔