اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے غلط اور بے بنیاد اعداد و شمار پیش کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے حکومت نے عوام کو سولر پینلز لگانے کی ترغیب دی۔ اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے قواعد میں تبدیلی کے بعد سولر کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ سولر نیٹ میٹرنگ پالیسی کی وجہ سے 4 ہزار میگاواٹ سے زائد سولر سے حاصل ہونے والی بجلی سسٹم میں داخل ہو چکی ہے۔ اگلے آٹھ سال کے اندر سولر نیٹ میٹرنگ کی تعداد 12 ہزار میگاواٹ سے بڑھ جائے گی۔