استنبول (اے ایف پی، جنگ نیوز )ترکیہ کے شہر استنبول کے میئر کی گرفتاری کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو نے عدلیہ اور عوام پر زور دیا ہے کہ انہیں نا انصافی کیخلاف کھڑا ہونا پڑے گا،ترک صدر رجب طیب ایردوان نے استنبول کے میئر کی گرفتار ی پر اپنے پہلے تبصرے میں کہا ہے کہ حزب اختلاف کی مرکزی جماعت اپنی غلطیوں کو چھپانے اور لوگوں کو "تھیٹرکس" سے دھوکہ دینے کی کوشش کر رہی ہے، اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ ترک حکومت مستقبل کے صدارتی امیدوار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق استنبول کے گرفتار میئر امام اوغلو نے عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی حراست کا حکم دینے پر ترک حکومت کی جانب سے عدالتوں کے غلط استعمال کے خلاف موقف اختیار کرے۔انہوں نے اپنے وکلاء کے ذریعے بھیجے گئے ایک پیغام میں ایکس پرلکھا کہ میں ہزاروں معزز، اخلاقی پراسیکیوٹرز اور ججوں سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ کو کھڑے ہو کر عدلیہ میں موجود ان افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جو عدلیہ کو برباد کر رہے ہیں، پوری دنیا کے سامنے ہمیں رسوا کر رہے ہیں، اور ہماری ساکھ کو تباہ کر رہے ہیں ۔