کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی سرپرستی میں غزہ میں دوبارہ اسرائیلی جارحیت و جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پرامریکی قونصلیٹ پر احتجاج کیا گیا، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں ہزاروں افراد نے بوٹ بیسن تا امریکی قونصلیٹ احتجاجی مارچ کیا اورامریکی قونصلیٹ میں یادداشت بھی پیش کی گئی،منعم ظفر خان نے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکاکی سرپرستی میں مسلسل فلسطینیو ں کی نسل کشی کر رہا ہے، عالم اسلام کے حکمراناہل غزہ و فلسطین کی حمایت کرنے کے بجائے امریکاکی خوشنودی میں لگے ہوئے ہیں، فلسطین فلسطینیوں کی سرزمین ہے،انہیں کوئی طاقت بے دخل نہیں کر سکتی، اسرائیل ناجائز ریاست ہے اسے تسلیم نہیں کیا جا سکتا،بیت المقدس کا تحفظ ہمارے ایمان کا تقاضاہے۔ عالم اسلام کے ظالم حکمران اپنے لوگوں پر توظلمکرتے ہیں لیکن امریکاکے سامنے بھیگی بلی بن جاتے ہیں۔ بد قسمتی سے مسلم حکمرانوں کی کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔غزہ کے مسلمان غزوہ بدر کی مثال کو تازہ کررہے ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں لیکن جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔اس موقع پرسیف الدین ایڈوکیٹ،نوید علی بیگ،حافظ آبش صدیقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔