پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیٰحدگی کی وجوہات سے کرکٹر کی بہن نے پردہ اُٹھا دیا۔
شعیب ملک اپنی ذاتی زندگی اور شادیوں کے سبب عوام کی دلچسپی کا موضوع بنے رہتے ہیں تاہم اب ان کی بہن نے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا اور مختلف سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے سامنے آنے والی خبروں کے مطابق شعیب ملک کی بہن نے شعیب ملک کی شادی اور طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کی اور مختلف دعوے بھی کیے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کے افیئرز کے معاملات سے تھک چکی تھی اس لیے خلع لی۔
شعیب کی بہن نے حالیہ انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ ان کے پورے خاندان نے شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
خیال رہے کہ شعیب ملک کی عائشہ صدیقی سے پہلی شادی 2010ء میں ختم ہوئی، جس کے بعد اسی سال ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کی ہائی پروفائل شادی ہوئی جبکہ ماضی میں کرکٹر کے اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ تعلقات کی بھی افواہیں گرم تھیں، جنہیں انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔
جنوری 2024ء میں ثانیہ مرزا سے راہیں جدا کرنے کے چند ماہ بعد ہی شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی کی تصاویر اچانک سامنے آنے پر تہلکہ مچ گیا تھا۔
اب شعیب ملک کے بارے میں ان کی بہن کے ان نئے دعوؤں سے شعیب اور ثانیہ کی طلاق کا معمہ مزید گہرا ہو گیا ہے۔