کراچی(اسٹاف رپورٹر)نوجوان حسن نواز کی طوفانی اننگز کی بدولت اب شائقین کرکٹ کو امید ہوچلی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپس آکر سیریز جیت سکتی ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔ہفتے کو قومی ا سکواڈ آکلینڈ سے مائونٹ مونگا نوئی پہنچ گیا اور کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی ٹونٹی میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح11 کر 15 منٹ پر شروع ہوگا۔ایڈن پارک میںپاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں کم سے کم اوورز میں 200 سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی۔تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بہترین پلیئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے حسن نواز نے کہا کہ مجھے ٹیم مینجمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، کسی نے مجھے یہ نہیں کہا کہ آپ پہلے دو میچز میں دو مرتبہ آؤٹ ہوئے۔ بیٹنگ کے دوران مجھ پر بالکل بھی دباؤ نہیں تھا۔دوسری جانب کرکٹ نیوزی لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر میٹ ہینری پاکستان کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے باقی میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے، البتہ میٹ ہینری ری ہیب پروگرام جاری رکھیں گے ۔