جمعرات کی شب بجلی کی بندش کے سبب بند ہونے والا برطانیہ کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے تاہم ایئرپورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود آج پروازیں تاخیر سے روانہ ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے سبب گزشتہ روز تقریباً 1400پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
ایئرپورٹ کی بندش کے تقریباً 24 گھنٹے بعد ہفتہ کی صبح چھ بجے لزبن کیلئے پرواز روانہ ہوئی، جمعہ کی شام بھی طویل فاصلے کی آٹھ پروازیں روانہ ہوئی تھیں، مسافروں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل پرواز کا وقت چیک کرلیں۔
آج ہفتہ کی صبح ہیتھرو ایئرپورٹ آنے والی پہلی 20 پروازوں میں سے 9 کو منسوخ کردیا گیا، ایئرلائنز کے مطابق دنیا کے مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے مسافروں کو واپس لانا ترجیح ہے، برٹش ایئر ویز کے مطابق ہفتہ کو اس کی 85 فیصد پروازیں شیڈول کے مطابق چلیں گی، جبکہ برٹش ایئرویز کی لندن آنے والے 60 فیصد پروازیں منسوخ کیا۔
اس کے علاوہ ترکش ایئر لائنز اور ورجن نے بھی پروازیں منسوخ کی ہیں، سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کی سربراہی میٹ پولیس کا کاونٹر ٹیرر کمانڈ کر رہا ہے۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق آج اضافی عملہ موجود ہوگا اور 10 ہزار اضافی مسافروں کیلئے مزید پروازیں بھی شیڈول میں شامل کی گئی ہیں۔