کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے مکان کے تنازع پر مالک مکان کے ہاتھوں شہری کے قتل سے متعلق کیس میں الزا م ثابت ہونے پر ملزم مکان مالک سہیل کو عمر قید کی سزا سنادی عدالت نے ملزم کو3 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ اقدام قتل کے جرم میں ملزم سہیل کو 10سال قید ، شریک ملزمہ اسما کو بھی اقدام قتل کے جرم میں 10سال قید کی سزا کا حکم دے دیا ، شریک ملزم ہارون کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کردیا ہے ، استغاثہ کے مطابق ٹرائل کورٹ نے ملزم سہیل کو دو بار سزائے موت دی تھی، ملزم نے سزا کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی، ہائیکورٹ کے حکم پر ملزم کے خلاف دوبارہ ٹرائل چلایا گیا، مدعی کے مطابق وہ دو سال سے کرائے کے مکان پر رہائش پذیر تھا، مالک مکان پیسے دینے کے باوجود پانی فراہم نہیں کر رہا تھا، مکان خالی کرنے کا کہا تو جھگڑا ہو ، ملزم نے مدعی کے بھتیجے کو قتل کردیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سائٹ اے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔