• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے پاس اعتراف جرم کے سوا آپشن نہیں، طلال چوہدری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ، سینیٹر طلال چوہدری نےکہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی معافی کافی نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس اعتراف جرم کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرنے میں پی ٹی آئی سب جماعتوں سے پیچھے۔ میزبان محمد جنید نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی معافی نہیں مانگیں گے۔مولانا نے بھی پی ٹی آئی سے قربت کا عندیہ دے دیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ پر حملہ آور ہوئی، اسٹیبلشمنٹ ان پر حملہ آور نہیں ہوئی۔انہوں نے پاکستان میں دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا۔اس کے پیچھے پوری ایک سازش تھی۔اس پر فوج نے اپنے اندر بھی احتساب کا عمل کیا۔معافی کافی نہیں ہے ،بانی پی ٹی آئی کو سزائیں بھی ہوں گی۔دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرنے میں پی ٹی آئی سب جماعتوں سے پیچھے ہے۔ سازش میں بانی پی ٹی آئی سرفہرست ہیں سزائیں کاٹنی ہوں گی۔بات چیت قومی مفا دمیں ہوسکتی ہے ذاتی مفاد یامعافی پر نہیں۔ن لیگ کی حکومتیں جو کردار ادا کررہی ہیں اس میں نواز شریف کی رہنمائی ہے۔نواز شریف پنجاب اور وفاقی حکومت کو رہنمائی دیتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سب کو ساتھ بٹھایا۔قومی سلامتی کے اجلاس میں بھی کوشش کی گئی کہ سب شریک ہوں۔ اپوزیشن جماعتیں اگر مگر کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہیں آتیں۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت چیزیں چل رہی ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوتے ہیں۔پی ٹی آئی کیوں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں آئی؟جہاد کے نام پر دہشت گردوں نے نہ مسجد چھوڑی ، نہ روزہ دار چھوڑے۔ اپنے ہمسایہ ممالک سے بات چیت کر رہے ہیں امید ہے اچھے نتائج آئیں گے۔محسن نقوی سے کوئی ناراضی نہیں، طبیعت خرابی کے باعث اجلاس میں نہیں آئے۔پوری دنیا میں سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کیا جارہا ہے یہ وقت کی ضرورت ہے۔صحافی فرحان ملک ایف آئی اے کو سوالات پر مطمئن نہیں کرسکے جس کی بنیاد پر وہ گرفتار ہوئے۔ انہیں حبس بے جا میں نہیں رکھا گیا قانون کے مطابق سلوک کیا جارہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید