اسلام آباد(جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے ہیروئن کی لیڈی سمگلر ملزمہ صفیہ بی بی کی درخواست ضمانت خارج کردی ۔جسٹس سردار طارق مسعودکی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملزمہ کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی تو اینٹی نارکوٹکس فورس کے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے 167گرام ہیروئن برآمد ہوئی ۔ہیروئن بھرے کیپسول ملزمہ کے پیٹ سے برآمد ہوئے تھے۔ ملزمہ کے وکیل ارشد یوسفزئی نے موقف اختیار کیا کہ گرفتاری کے وقت ملزمہ پانچ ہفتوں کی حاملہ تھی اور اب اس کی ڈیلیوری قریب ہے ،اس لئے ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ جو نکتہ ہائی کورٹ میں نہیں اٹھایا گیاتھا ۔جسٹس سردارطاروق مسعود نے کہاکہ مناسب ہوگا کہ اس نئے گرائونڈ پر ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔یاد رہے کہ ملزمہ کو شوہر کے ہمراہ سعودی عرب جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ سے ہیروئن سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔