پشاور(وقائع نگار)صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے کوہاٹ روڈ پر رمضان پیکیج کے تحت مستحقین کو دی جانے والی امدادی رقوم کے شفاف اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جاز کیش دکانوں کا معائنہ کیا، جہاں شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ کچھ آپریٹرز مستحق افراد سے غیر قانونی کٹوتیاں کر رہے ہیں۔معائنے کے دوران مستحقین سے غیر قانونی کٹوتی میں ملوث 02 جاز کیش آپریٹرز کو موقع پر گرفتار کر کے ان کی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ ان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، اور متعلقہ اداروں کو ان کی جاز کیش ڈیلر شپ منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی کو بھی رمضان پیکیج میں کرپشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تمام متعلقہ انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں جاز کیش تقسیم کرنے والے پوائنٹس کی سخت نگرانی جاری رکھیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی کٹوتی کی شکایت دیکھیں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود اور شفافیت کے عزم پر قائم ہے اور حکومت کے فلاحی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔