پشاور(آئی این پی)محکمہ بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوامیں’’کرسی‘‘ کی جنگ چھڑ گئی ،تبادلہ ہونے کے باوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے چارج چھوڑنے سے صاف انکارکردیا ،ادھرصوبہ بھر کے بلدیاتی افسران نے غیر قانونی ڈیپوٹیشن کے خلاف چیف سیکرٹری کو مراسلہ کردیا ،ایک ہفتے میں آرڈرز واپس نہ ہوئے تو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام ٹھپ کرنے کی دھمکی دے دی،اس صورتحال حال نے محکمہ بلدیات میں تناؤ پیداکردیاہے، جہاں ایک افسر نے تبادلے کے حکومتی احکامات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے نہ صرف چارج چھوڑنے سے صاف انکار کر دیا بلکہ دفتر کو اکھاڑہ بنا ڈالا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ارسال کیے گئے مراسلے کے مطابق نوٹیفکیشن نمبر SOE-II/LG4-116کے تحتجب نوتعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر (سینئر) پشاور چارج لینے پہنچے تو وہاں پہلے سے براجمان افسر آپے سے باہر ہو گیا، انہوں نے نہ صرف غیر اخلاقی زبان استعمال کی بلکہ نئے افسر کو سنگین نتائج اور عملے کے ذریعے ’’بیک لیش‘‘ کی دھمکیاں دے کر کھلم کھلا سرکشی کا مظاہرہ کیا،مراسلے میں انکشاف کہاگیا ہے کہ مذکورہ افسر نے نہ صرف نشست خالی کرنے سے انکار کر دیا بلکہ زبردستی دفتری امور بھی چلا رہا ہے جو کہ صریحاً بدنیتی اور مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔