پشاور ( آن لائن ) انٹرنیشنل ’’سول ڈیفنس ڈے‘‘ ضلع مردان میں انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ مردان میں ایک پروقار سیمینار اور آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں شہری دفاع کے عہدیداران، انسٹرکٹرز، پوسٹ وارڈنز اور مرد و خواتین رضاکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہانیہ شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سی ڈی او سول ڈیفنس فضل حق، ایڈیشنل چیف وارڈن اورنگزیب، ایڈیشنل چیف وارڈن نصرت آراء اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمی یومِ شہری دفاع تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ اس دن کا مقصد معاشرے میں قدرتی اور انسان کی پیدا کردہ آفات سے بچاؤ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور عوام کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد اور بروقت ردعمل سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے اور نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہانیہ شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہری دفاع کی تربیت وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ اکثر گھروں، بازاروں یا عوامی مقامات پر حادثات کی صورت میں فوری طور پر ایمبولینس یا ریسکیو سروس پہنچنا ممکن نہیں ہوتا، ایسے میں اگر عام شہری تربیت یافتہ ہوں تو وہ ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے کسی بھی بڑے نقصان سے بچا سکتے ہیں۔مقررین نے شہری دفاع کے مختلف شعبوں، ہنگامی حالات میں احتیاطی تدابیر اور رضاکارانہ خدمات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ترقی پانے والے سول ڈیفنس افسران کو اعزازات اور بیجز بھی لگائے گئے۔سیمینار سے قبل سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے پاک فوج کے حق میں نکالی گئی ریلی میں شرکت کی، جو ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ سے شروع ہو کر باچہ خان چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہری دفاع کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔