اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے )وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ادارے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے تحت ساہیوال سے کتوں کی لڑائیوں میں شدید زخمی 7 سالہ ایشیائی سیاہ ریچھ "راکی" کی بازیابی اور بحالی کو یقینی بنا کر نئے احاطے میں منتقل کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر مصدق مسعود ملک اور وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہحمیرا موریانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔راکی کی المناک کہانی اس وقت منظر عام پر آئی جب ایک وائرل ویڈیو میں اس کی ابتر حالت دکھائی گئی تھی ، ساہیوال میں زبردستی کرائی گئی 35 کُتوں کی لڑائی کے بعد راکی شدید زخمی ہو گیا تھا۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور فور پاز انٹرنیشنل کی مشترکہ کاوشوں سے اسے بازیاب کرا کر آئی ڈبلیو ایم بی ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔جہاں اس کے زخموں کی مرہم پٹی، نیوٹرنگ اور مائیکروچپنگ کے ذریعے شناخت کا بندوبست کیا گیا۔