کراچی( ثاقب صغیر )مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے اثاثوں کی معلومات کے لیے انٹرپول سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق انٹرپول کو سلور نوٹس کے لیے رابطہ کیا ہے۔سلور نوٹس کے تحت ملزم کے دنیا میں اثاثوںکے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم نے کال سینٹر سے حاصل کی گئی رقم 40مختلف مرچنٹ اکائونٹس میں منتقل کی ،ان اکائونٹس کا مجموعی ٹرن اوور 17.3ارب روپے ہے تاہم ارمغان کی گرفتاری کے بعد اب ان مرچنٹ اکائونٹس میں11لاکھ روپے کی رقم موجود ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ان مرچنٹ اکائونٹس کے خلاف ایک الگ انکوائری بھی رجسٹر کی جا رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ارمغان نے بنگلے اور اپنے ساتھ تین سیکورٹی کمپنیوں کے گارڈ رکھے تھے۔دو کمپنیوں کے سیکورٹی گارڈ جبکہ ایک کمپنی کے بائونسرز ملزم نے رکھے تھے۔