کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر ) جمعیت علماء اسلام تحصیل دشت کے چیئرمین محمد اسحاق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بد امنی کی وجہ سے ہر طرف افرا تفری پھیلی ہوئی ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، صوبے کی پر امن فضاء کو بحال رکھنے کیلئے حکومت سمیت سب کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں گلی کوچوں میں خون بہہ رہا ہے، ماہ مقدس میں ہمیں صبر و تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، حالات کی سنگینی کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جب سے وزارت اعلیٰ کا قلمدان سنبھالا ہے اس دن سے بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ،کوئی ایسا دن نہیں ہے کہ کوئی واقعہ رونمانہ ہو۔ سیاستدان سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ حالات کی سنگینی کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم، صحت سمیت دیگر سہولیات کا فقدان ہے کوئی بھی ادارہ اپنی ذمہ داری نبھانے سے قاصر ہے، لوگ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ حالات کو بہتر بنانے اور بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر ترقی کیلئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔