مانجھی پور (نامہ نگار) بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے علاقے مانجھی پور میں زمین کے تنازع پر فائرنگ،ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ، ملزمان لاشیں اور گھر کو بھی آگ لگادی ، علی حسن شیخ ، ان کی بیوی زیبل شیخ ، 4بیٹے اور بیٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے،علاقے میں خوف وہراس ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ RD 238 کی حدود گوٹھ میر دوران خان کھوسہ میں نامعلوم مسلح افراد کی بزگر علی حسن شیخ کے گھر پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد ہلاک ہو گئے ، لاشوں سمیت گھر نذرِ آتش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب گوٹھ میر دوران خان کھوسہ میں درجنوں مسلح افراد نے بزگر علی حسن شیخ کے گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجے میں گھر میں سوئے ہوئے علی حسن شیخ ، ان کی بیوی زیبل شیخ ، بیٹوں اسد الرحمٰن شیخ ، سعداللہ شیخ ، محمد یامین شیخ ، یاسر علی شیخ اور بیٹی طاہرہ شیخ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، واردات کے بعد ظالموں نے لاشوں سمیت پورے گھر کو آگ لگا دی۔ وقوعہ کے بعد ملزمان رات فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں، لیکن تب تک سب کچھ جل کر راکھ ہو چکا تھا ،پولیس نے لاشیں سول اسپتال صحبت پور منتقل کردیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ لاشیں گاؤں پہنچنے پر کہرام مچ گیا ،7 افراد کے قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ تاحال وقوعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا ۔ پولیس کے مطابق طویل عرصہ سے 2 قبائل میں زمینی تنازعہ چلا آرہا ہے ۔ گزشتہ شب کا وقوعہ بھی زمین کے تنازع کے پیش نظر پیش آیا اور ایک ہی خاندان کے 7افراد فائرنگ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کارروائی کررہی ہے۔