مشہور بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے میلبرن کنسرٹ تنازع پر لب کشائی کر دی۔
بالی ووڈ کی گلوکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیغام جاری کر کے کنسرٹ میں 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ بتا دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر نیہا ککڑ نے اسٹوری شیئر کر کے کہا ہے کہ جب سچ سامنے آئے گا تو آپ لوگ مجھے جج کرنے پر افسوس کریں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیہا ککڑ نے طویل پوسٹس شیئر کر کے کنسرٹ میں ہونے والی بدانتظامی کا ذمے دار ایونٹ آرگنائزر کو ٹھہرا دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ تو باآسانی کہہ دیا گیا کہ میں 3 گھنٹے تاخیر سے پہنچی لیکن کیا کسی نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ میرے ساتھ کیا ہوا؟ میرے بینڈ کے ساتھ کیا ہوا؟ جب میں اسٹیج پر بات کر رہی تھی تو میں نے کسی کو کچھ نہیں بتایا کہ ہوا کیا ہے کیونکہ میں نہیں چاہتی تھی کہ کسی کو بھی نقصان پہنچے، میں کسی کو سزا دینے والی کون ہوتی ہوں لیکن اب بات میرے نام پر آ گئی ہے اس لیے خاموش نہیں رہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ میں میلبرن کنسرٹ میں پرفارمنس کے پیسے نہیں لے رہی تھی؟ لیکن آرگنائزر میرے اور دوسروں کے پیسے لے کر فرار ہو گیا تھا، میرے بینڈ کو کھانا، ہوٹل یہاں تک کہ پانی تک نہیں دیا گیا، انہیں میرے شوہر اور ان کی ٹیم نے کھانا مہیا کیا، اس کے باوجود صرف مداحوں کی خاطر ہم نے پرفارم کیا۔
گلوکارہ کے مطابق بر وقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے عین موقع پر ساؤنڈ چیک والوں نے ساؤنڈ کے لیے منع کر دیا جس کی وجہ سے ہمیں آخری وقت تک یہ نہیں معلوم تھا کہ کنسرٹ ہو رہا ہے یا نہیں، آ رگنائزرز میرے منیجر کی کالز تک نہیں اٹھا رہے تھے کیونکہ وہ تو سب کے پیسے لے کر فرار ہو چکے تھے، میرے پاس بتانے کے لیے بہت کچھ ہے لیکن اتنا کافی ہے۔
نیہا ککڑ نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کا، اپنی حمایت میں سامنے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس کنسرٹ میں موجود ان مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے بدانتظامی کے باوجود اس کنسرٹ میں شرکت کی، ان کے ساتھ روئے اور فارمنس انجوائے بھی کی۔