مشہور گلوکارہ نیہا ککڑ کے میلبورن کنسرٹ تنازع پر ان کے شوہر روہن پریت سنگھ نے بالآخر خاموشی توڑ دی۔
روہن نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں مداحوں سے درخواست کی کہ وہ کسی پر بغیر حقیقت جانے فیصلہ نہ کریں۔
انہوں نے پنجابی میں ایک بیان جاری کیا، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے، ’جب تک ہم حقیقت نہ جان لیں یا دونوں پہلوؤں سے واقف نہ ہوں، ہمیں کسی پر بھی فیصلہ نہیں سنانا چاہیے۔ ہمیں اس اصول کو اپنی زندگی میں اپنانا چاہیے۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’میری بیوی اور اس کے بینڈ کو سلام، جنہوں نے اتنی مشکلات کے باوجود اسٹیج پر پرفارم کیا۔‘
رواں ہفتے نیہا ککڑ میلبورن میں اپنے شو کےلیے تین گھنٹے تاخیر سے پہنچیں، جس پر شائقین ناراض ہوگئے اور بعض نے انہیں واپس جانے کو کہا۔ اسٹیج پر آتے ہی نیہا آبدیدہ ہوگئیں اور مداحوں سے معذرت کی، ’میں نے کبھی کسی کو انتظار نہیں کروایا، میں بہت شرمندہ ہوں! آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے اتنا صبر کیا۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔‘
تاہم اس دوران ہجوم تقسیم نظر آیا، کچھ شائقین نے ان کا ساتھ دیا جبکہ کچھ نے نعرہ لگایا کہ ’واپس جاؤ، یہ بھارت نہیں آسٹریلیا ہے‘ جیسے نعرے لگائے۔