کوئٹہ (ایجنسیاں)بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہدرندکاکہنا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کو بھی مذاکرات کا مینڈیٹ دیا جا سکتا ہے‘صوبائی حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے میں سنجیدہ ہے‘وزیراعلیٰ نے حزب اختلاف کو بھی مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی پیشکش کی ہے۔ صوبائی وزرءا میر شعیب نوشیروانی اور ظہور احمد بلیدی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی میں شناخت کے نام پر قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔شعیب نوشیروانی نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر روایتی واقعات ہیں، لہٰذا ان سے ایک نئی حکمت عملی کے ذریعے غیر روایتی انداز میں نمٹنا ہوگا۔ شہریوں کے ساتھ مل کر بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت بھی سمجھتی ہے کہ بلوچستان میں محرومیاں اور بیڈ گورننس ہےمگریہ نئی بات نہیں ہے، یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔جن کے پاس مینڈیٹ ہے‘جو بلوچستان کی شکایات کی بات کرتے ہیں، ان کے لیے تمام دروازے کھلے ہیں، براہ مہربانی آئیں اور بات چیت کریں۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھاکہ اگر اپوزیشن کے کسی رکن نے بات چیت کے لیے پہل کرنی ہے تو وہ مینڈیٹ دینے کو تیار ہیں جس کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے۔