پشاور (ارشد عزیز ملک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گندم اسکینڈل کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں سے براہ راست گندم خرید کر ٹرانسپورٹیشن اور دیگر اخراجات کی مد میں 10 ارب روپے کی خطیر بچت کی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نگران دور میں پاسکو نے یوکرین سے 10 ارب روپے کی غیر معیاری گندم درآمد کرکے خیبر پختونخوا کو فروخت کی۔صوبے میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا ۔ملک اس وقت بدترین انتظامی اور قانونی بحران کا شکار ہے، جہاں نہ قانون کی عملداری ہے اور نہ ہی انصاف میسر ہے اداروں کو سمجھایا ہے لیکن وہ صرف وقت گزاررہے ہیں ۔ملک کا نقصان ہورہا ہے ذاتیات سے نکل کر ملک کا سوچنا چاہیے۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک اس وقت بدترین انتظامی اور قانونی بحران کا شکار ہے، جہاں نہ قانون کی عملداری ہے اور نہ ہی انصاف میسر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے معاملے میں ذاتی انتقام لیا جا رہا ہے، جبکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔