لاہور،اسلام آباد(ایجنسیاں،جنگ نیوز) حکومت نے مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی کا دعویٰ کیا ہے جب کہ اسی دورانیے میں 10 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو گئیں، ٹماٹر،ویجی ٹیبل گھی،دال ماش ،ایل پی جی،گڑ مہنگا ہوگیا، پیاز، لہسن، انڈوں سمیت 10اشیاء سستی ہوئیں ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار 0.15فی صد کم ہوئی ہےجب کہ ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 1.26فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کی، جس میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ31اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ایک ہفتے میں پرنٹڈ لان کی قیمت میں 0.62فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں1.17فیصد، لانگ کلاتھ کی قیمتوں میں0.29فیصد، گڑکی قیمتوں میں0.51فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں9.62فیصد، بیف کی قیمتوں میں 0.30فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.10فیصد،دال ماش کی قیمتوں میں 0.56فیصد اوردال مسور کی قیمتوں میں0.20فیصد اضافہ ہوا ہے۔