کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریڈ لائن، بی آر ٹی منصوبے میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 4مقامات پر تعمیرات کے لئے رضامند ظاہر کردی ۔ سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ٹریفک حادثات کی روک تھام، ریڈ لائن، یلو لائن کے تعمیراتی کام اور موٹر وہیکل انسپیکشن (ایم وی آئی )سینٹرز کے قیام سمیت دیگر ٹرانسپورٹ منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) ماس ٹرانزٹ کمال دایو، چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو، یلو لائن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی، سیکریٹری پی ٹی اے اوکاش میمن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن منصوبے میں اہم پیش رفت سے متعلق اجلاس کو بتایا کہ سول ایوی ایشن نے ریڈ لائن کے 5میں سے 4مقامات پر تعمیرات کی منظوری دے دی ہے، جب کہ ایک مقام پر مزید بات چیت جاری ہے۔اجلاس میں بایو گیس پلانٹ اور بی آر ٹی منصوبے کے ڈپوز کے ڈیزائن اور تعمیرات میں ہوئی پیش رفت، کنسلٹنٹس اور ٹھیکے داروں کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز فعال کر دیا گیا ہے۔