کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کو معیاری اور محفوظ اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انسپکشن مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور کچلاک بازار میں چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 8 بیکریوں و بیکنگ یونٹس جبکہ دودھ میں ملاوٹ پر 3 ملک شاپس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔بی ایف اے حکام کے مطابق بیکری مصنوعات کی تیاری میں ناقص اجزاء، غیر معیاری رنگوں اور استعمال شدہ کوکنگ آئل کے مسلسل استعمال، صفائی کے ناقص انتظامات، اشیاء ذخیرہ کرنے کے غیر مناسب طریقے، پیکنگ میں اخباری کاغذ کے استعمال، کیڑے مکوڑوں کی روک تھام کے ناکافی اقدامات اور آلودہ و زنگ آلود مشینوں و بیکنگ ٹریز کے استعمال پر سخت ایکشن لیا گیا ۔مزید برآں، دودھ کی کوالٹی جانچنے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل ملک سیفٹی ٹیمیں بھی فعال رہیں۔ نواں کلی اور کاسی روڈ پر متعدد ملک شاپس سے دودھ کے نمونے لے کر موقع پر ہی ٹیسٹ کئے گئے۔